اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ایئر فورس (PAF) نے ایک بار پھر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ برطانیہ میں ہونے والے معروف ایوی ایشن شو ریائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT 2025) میں پاکستان کے C-130H ہرکولیس طیارے نے “Concours d’Elegance Trophy” جیت لی۔
یہ اعزاز ان طیاروں کو دیا جاتا ہے جو نہ صرف فنی لحاظ سے بہترین ہوں بلکہ اپنے جمالیاتی حسن، سجاوٹ اور تھیم میں بھی نمایاں ہوں۔
پاکستان ایئر فورس کے اس شاندار کارنامے پرپاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا:
“مبارکباد ہو پاکستان ایئر فورس کو RIAT 2025 میں C130H ہرکولیس کی شاندار نمائندگی پر Concours d’Elegance ٹرافی جیتنے پر! آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، مہارت اور فخر اب عالمی سطح پر تسلیم کیے جا رہے ہیں۔ بلندیوں پر پرواز جاری رکھیں!”
ریائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو دنیا کا سب سے بڑا ملٹری ایئر شو مانا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر کی فضائی افواج اپنی مہارت اور جدید طیارے پیش کرتی ہیں۔ پاکستان کے C-130 طیارے نے حسبِ روایت خصوصی تھیم اور تزئین و آرائش کے ساتھ شرکت کی، جو بین الاقوامی شرکاء اور ججز کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان ایئر فورس نے RIAT میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہو۔ ماضی میں بھی PAF کے C-130 طیارے مختلف اعزازات حاصل کر چکے ہیں، جن میں “بیسٹ ایئر کرافٹ” اور “اسپیشل پینٹ اسکیم” کے ایوارڈز شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: لاہور میں بارش کے بعد سڑکیں زیرِ آب، پی پی پی رہنما سحر کامران کی تنقید
پاکستانی قوم کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ایئر فورس کو مبارکباد دی جا رہی ہے، اور اس جیت کو پاکستان کے روشن چہرے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔