لاہور (روشن پاکستان نیوز) — پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں تیز بارش کے بعد سڑکوں پر سیلابی پانی بہتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سحر کامران نے ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ “میں سمجھتی تھی پنجاب میں جدید ڈرینیج سسٹم، واٹر پروف سڑکیں اور فعال انتظامیہ موجود ہے، لیکن یہاں تو سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔”
انہوں نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود لاہور جیسے بڑے شہر کی یہ حالت باعثِ شرم ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا، اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت سے فوری اقدامات اور مستقل حل کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔