لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کرائے کے انقلابیوں نے روز ایک نیا بیانیہ بیچنا ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔ اور اس وقت ملک میں مون سون کی شدید لہر ہے۔ بارش کے دنوں میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران نقصانات ہوئے ہیں۔ اور بارشوں کے دوران جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو جلد از جلد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ جبکہ لاہور میں گزشتہ روز موسلادھار بارش ہوئی لیکن کہیں پانی کھڑا نہیں ہوا۔ اور لاہور میں تمام انڈر پاسز کو بروقت کلیئر کروا لیا گیا تھا۔
پیرا فورس سے متعلق عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیرا فورس کے پاس فتنہ فساد سے نمٹنے کے لیے تربیت موجود ہے۔ اور اس فورس کے جلد نتائج سامنے آئیں گے۔ تجاوزات کا خاتمہ، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہو۔ یہ فورس تربیت یافتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس میں شفاف تفتیش ہو گی۔ اور اس کا اپنا انویسٹی گیشن سیل ہو گا۔ پیرا فورس پورے پنجاب میں کام کرے گی۔ اور اس میں 50 ہزار سے زیادہ اہلکار شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:علی امین صرف بڑھکیں مارتے ہیں ، 90 روزہ تحریک حکومت بچانے کا بہانہ ہے ، عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اور 5 اسٹار ہوٹل کی سہولیات کیا ہی ہوں گی جو بانی کو جیل میں مل رہی ہیں۔ علیمہ صاحبہ روز آ کر ایک نئی کہانی سنا دیتی ہیں۔ وہ ایک طرف کہتی ہیں ڈٹ کر کھڑے ہیں دوسری طرف سہولیات کا رونہ روتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اخبار، پسندیدہ کتابیں اور ٹی وی دیا گیا ہے۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی کی 3 ماہ میں 66 سے زیادہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ انہیں جلسے سے خطاب کا شوق ہے تو قیدیوں کا جلسہ کروا لیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں روز کرپشن کا ایک اسکینڈل سامنے آتا ہے۔ اور کرائے کے انقلابیوں نے روز ایک نیا بیانیہ بیچنا ہوتا ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے جو زبان خاتون کے لیے استعمال کی اس پر افسوس ہوا۔ پی ٹی آئی کے معاملات بھی اربوں روپے میں چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی وزیر اعلی پنجاب کی ترجیح رہی ہے۔