کوئٹۃ(روشن پاکستان نیوز) بلوچستان میں مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں مون سون بارشوں سے اب تک خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، صوبے میں اموات ژوب، زیارت، موسیٰ خیل، خضدار، لورالائی، لسبیلہ اور کوہلو میں ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات سے 8 افراد زخمی ہوئے، صوبے میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف اضلاع میں 58 مکانات کو نقصان پہنچا، 47 مکانات جزوی جبکہ 11 مکانات مکمل منہدم ہوئے۔
سیلاب کے باعث 4 سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، طوفان، بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے متعدد زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی پلیٹوں کو نقصان پہنچا ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے صوبے کے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ 18 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، پیشگوئی سامنے آ گئی