اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے رابطے بہتر بنانے اور صحافیوں کے تحفظ سے متعلق معاملات پر بات چیت کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ یہ فیصلہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے احتجاج اور حالیہ صحافیوں پر پولیس تشدد کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
کمیٹی میں سینیٹر عرفان صدیقی، سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر علی ظفر شامل ہیں، جو میڈیا نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے اور ان کے مسائل کو سینیٹ کے فورم پر اجاگر کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے راولپنڈی پولیس کی جانب سے صحافیوں کی مبینہ غیرقانونی حراست کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے سپرد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک پر پولیس تشدد کے واقعے کے بعد صحافیوں کی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا اور سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا۔ اس پس منظر میں چیئرمین سینیٹ نے صحافی برادری سے رابطے بہتر بنانے اور ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کا سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ، پولیس تشدد کے خلاف شدید احتجاج
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق، تین رکنی کمیٹی میڈیا سے مستقل رابطے میں رہے گی اور پارلیمانی کارروائی میں صحافیوں کے کردار اور آزادی کو یقینی بنانے کے لیے تجاویز بھی مرتب کرے گی۔