اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کو دستیاب سہولتوں سے متعلق وضاحتی بیان جاری کردیا۔ عبدالغفور انجم کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں، انہیں دستیاب سہولیات کسی بھی دوسرے قیدی کے پاس نہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں، انہیں خوراک، صحت، کتابیں، اخبارات، واک، ورزش کی سہولت میسر ہے، بانی پی ٹی آئی کو 7 سیلز پر مشتمل کمپلیکس میں رکھا گیا ہے، چہل قدمی کیلئے کھلا صحن بھی موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس ایکسر سائز سائیکل، ایل ای ڈی، اخبارات، ذاتی کتب کی سہولت میسر ہے، بانی کو فراہم سہولیات بی کلاس کے کسی بھی اسیر کو میسر نہیں، انہیں اپنا کھانا تیار کروانے کیلئے قیدی کک کی سہولت بھی میسر ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 413 مرتبہ ٹوئٹس کروائیں، بانی نے ٹوئٹس میں ورکرز کو ملکی سیاسی سرگرمیوں کیلئے ہدایات جاری کیں، عام انتخابات، سمبڑیال ضمنی انتخابات، 26 نومبر احتجاج، حکومت سے مذاکرات پر بھی ٹوئٹر پر ہدایات جاری کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی بانی نے ایکس (ٹویٹر) پر ہدایات جاری کروائیں، گزشتہ ایک سال سے کم عرصہ میں بانی پی ٹی آئی کے بیانات 45 مواقع پر سرخیاں بن چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ہم نہیں یا تم ، علی امین نے عمران خان کی رہائی کیلئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دیدی
جیل حکام کا وضاحت میں کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال کے دوران بین الاقوامی میڈیا چینلز کے ساتھ انٹریکشن کرچکے ہیں، فاکس نیوز، ڈبلیو ایس جے نیوز، آئی ٹی وی، رائٹرز، ٹیلی گراف جیسے اداروں سے انٹریکشن کرچکے ہیں، وہ جیل ٹرائلز کے دوران مین اسٹریم میڈیا چینلز اور اخبارات سے سارا سارا دن مخاطب رہے۔