منگل,  15 جولائی 2025ء
صدر مملکت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا آرڈیننس جاری کر دیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) صدر مملکت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کے لیے “فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025” جاری کیا ہے۔ اس آرڈیننس کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری کا نام بدل کر “فیڈرل کانسٹیبلری” رکھا جائے گا۔

آرڈیننس کے مطابق، فیڈرل کانسٹیبلری کو چاروں صوبوں، اسلام آباد کے علاوہ آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کام کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس فورس کا انسپیکٹر جنرل وفاقی حکومت تعینات کرے گی جبکہ ہر ڈویژن میں ایک ونگ کمانڈر بھی مقرر کیا جائے گا جس کا رینک ڈی آئی جی کے برابر ہوگا۔

وفاقی حکومت کو قانون و انتظامیہ کے قیام کے لیے وفاقی ریزرو فورس بھرتی کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ فیڈرل کانسٹیبلری کی ذمہ داریوں میں فسادات کا کنٹرول، داخلی سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور تحفظ شامل ہوگا۔

آرڈیننس کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کی دو ڈویژنز تشکیل دی جائیں گی: سیکیورٹی ڈویژن اور فیڈرل ریزرو ڈویژن۔ بھرتیوں کے لیے ملک بھر میں دفاتر قائم کیے جائیں گے اور تنظیم نو کے فریم ورک کے تحت اس فورس کی کمانڈ پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کریں گے۔

یہ اقدام ملک میں داخلی سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور موثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت پانی کا رخ موڑ سکتا ہے اور نہ ہی روک سکتا ہے: خواجہ آصف

مزید خبریں