اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مستفید ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے کا آسان اور اردو میں ہونا خوش آئند امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوشوارے بھرنے کے عمل میں مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔ اور ڈیجیٹل انوائسنگ کا بھی اردو میں اجراء کیا جائے۔ ٹیکس اصلاحات میں عام آدمی کی سہولت پر توجہ مرکوز کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:اے این پی کو ایک بڑا دھچکہ: ثمر ہارون بلور کا ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی اصلاحات کی شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔ اور نئے آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مستفید ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں کی آسانی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔ اور ٹیکس نظام کی اصلاحات کے مثبت ثمرات وزیر خزانہ اور ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ٹیکس اسیسمنٹ کے نظام کا اطلاق بڑی کامیابی ہے۔