اتوار,  13 جولائی 2025ء
پشاور: گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں چھٹی سالانہ انویسٹمنٹ کانفرنس، بزنس لیڈرز اور بین الاقوامی مہمانوں کی بھرپور شرکت

پشاور (روشن پاکستان نیوز): گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں چھٹی سالانہ “ایکسپلور اینڈ انویسٹ ان پاکستان کانفرنس 2025 (کے پی چیپٹر)” کا شاندار انعقاد ہوا۔ کانفرنس کا اہتمام برین ڈیزائنر اینڈ گلوب ٹریڈرز اور راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز (RCSTSI) کے اشتراک سے کیا گیا۔

کانفرنس میں مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی، جبکہ بین الاقوامی سطح پر ملائیشیا کے نائب سفیر ہائی کمشن سیافک فردوس بن حسب اللہ بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، ورلڈ بینک گروپ کی محترمہ کرن افضل، شاہد غفور پراچہ (گروپ لیڈر RCSTSI) اور سی ای او اوکٹا پلس مارکیٹنگ علی بلوچ سمیت دیگر ممتاز کاروباری و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس کا مقصد خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا، مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا، اور کاروباری ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔
2025 کا بیسٹ انویسٹمنٹ ایوارڈ “اوکٹا پلس مارکیٹنگ” کو دیا گیا، جو سی ای او علی بلوچ نے وصول کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا:
“خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار یہاں آئیں، اور ترقی و روزگار کے نئے دروازے کھولیں۔ حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔”

کانفرنس میں مختلف سیشنز میں کاروباری مواقع، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، اور خطے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ کانفرنس نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک مثبت پیغام ثابت ہوئی، جس سے یہ واضح ہوا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور بزنس کمیونٹی قومی ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

مزید خبریں