لاہور (روشن پاکستان نیوز) – پنجاب میں ٹریفک پولیس افسران کا عوام کے ساتھ غیر مناسب رویہ ایک بار پھر زیر بحث آ گیا ہے، جہاں عام شہریوں کو نہ صرف غیر ضروری طور پر روکا جاتا ہے بلکہ ان کی مجبوریوں کو بھی نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس نے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ ویڈیو میں ایک شہری کو ٹریفک پولیس افسران سے فریاد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو آبدیدہ ہو کر کہہ رہا ہے: “تمہارے آگے بھیک مانگ رہا ہوں، میرا باپ ہسپتال میں داخل ہے، خدا کے واسطے مجھے جانے دو”۔ شہری مسلسل منتیں کرتا رہا کہ اس کا چالان کر لیا گیا ہے، اب اُسے جانے دیا جائے تاکہ وہ اپنے بیمار والد کے پاس پہنچ سکے، لیکن ٹریفک افسران ٹس سے مس نہ ہوئے۔
یہ ویڈیو دیکھنے والوں کے دل دہلا دینے کے لیے کافی ہے۔ عوامی ردعمل سے واضح ہوتا ہے کہ پنجاب میں ٹریفک وارڈنز عمومی طور پر اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں اور ان کا رویہ نسبتاً بہتر ہوتا ہے، تاہم افسرانِ بالا کے رویے میں سختی، بے حسی اور عوامی جذبات کو نظر انداز کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ اکثر مشاہدے میں آیا ہے کہ وارڈنز موقع پر معاملہ حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ افسران اپنے عہدے کا رعب جمانے اور غیر ضروری سختی سے شہریوں کو پریشان کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیس افسران کو تربیت کے دوران عوامی خدمت، نرم رویہ، اور انسانی ہمدردی جیسے بنیادی اصولوں کو بھی شامل کرنا ہوگا۔ سوشل میڈیا پر مختلف صارفین نے اس واقعے پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ جب کوئی شہری اپنے شدید ذاتی المیے کے باوجود ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے چالان بھگتنے پر تیار ہو، تو اُس کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنا افسران کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری بنتی ہے۔
ایسے واقعات نہ صرف پولیس کے ادارے کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں بلکہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان خلیج کو بھی مزید گہرا کرتے ہیں۔ حکومتِ پنجاب، آئی جی ٹریفک اور متعلقہ حکام سے عوام کا مطالبہ ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے واقعے کی تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے افسران کو نرم مزاجی اور ہمدردی کی تربیت دی جائے تاکہ پولیس ایک عوام دوست ادارہ بن سکے، نہ کہ خوف اور عدم برداشت کی علامت۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں گاڑی اور موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس میں 10 فیصد اضافہ