اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ملک کے سب سے بڑے اور مشہور مال میں 7 سے 13 جولائی 2025 تک 9واں سالانہ مینگو فیسٹیول شروع ہو گیا ہے، جس کا انعقاد محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان اور مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ آموں کے اس رنگا رنگ میلے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں 100 سے زائد اقسام کے مختلف ذائقوں کے آموں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
اس سال کے مینگو فیسٹیول کا تھیم “ایگرو ٹورازم” ہے، جو پاکستان میں زرعی سیاحت کو ملک کی سیاحت کی صنعت کے اہم اور بڑھتے ہوئے شعبے کے طور پر فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
میلے کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، رانا ثناء اللہ نے کیا۔ اس موقع پر سینٹورس گروپ کے صدر سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان، سینٹورس گروپ کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان، مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر رانا آفتاب، اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر راجہ مشتاق احمد منہاس بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں سفیروں اور دیگر معززین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے سینٹورس مال کی پاکستان کی مقامی مصنوعات کو فروغ دینے اور ثقافتی تہواروں کے ذریعے ملک کا مثبت امیج پیش کرنے میں جاری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مینگو فیسٹیول کو پاکستان کی زرعی طاقت اور ثقافتی ورثے کی متحرک نمائش قرار دیا اور موجودہ حکومت کی کاوشوں پر روشنی ڈالی جو پاکستانی آموں اور دیگر پھلوں کی عالمی رسائی بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد مقامی کاشتکاروں اور کسانوں کے لیے بہتر معاشی مواقع فراہم کرنا اور قومی آمدنی اور ترسیلات زر میں اضافہ کرنا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مینگو بیگنگ کے کامیاب اقدام کی بھی تعریف کی، جو ملک کی زرعی برآمدات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔
سینٹورس گروپ کے صدر سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی زرعی ترقی اور معیشتی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹورس مال مقامی پروڈیوسرز، کاروباری افراد اور چھوٹے کسانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متحرک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ ڈاکٹر راشد نے کہا کہ ایسے میلے نہ صرف آم جیسے مشہور پھل کی نمائش کا موقع دیتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ بھی اجاگر کرتے ہیں۔
مینگو فیسٹیول میں شرکت کرنے والے افراد کو پاکستان کے آموں کے ذائقے کا بھرپور تجربہ کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا گیا ہے، جہاں ہر قسم کے آموں کو ایک جگہ دیکھنے اور چکھنے کا موقع مل رہا ہے۔