اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز): پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنی سروس سے باہر بوئنگ 777 طیاروں کو دوبارہ فضائی آپریشن میں لانے کے لیے جنرل الیکٹرک (GE) سے تین GE90 انجنوں کی فراہمی کی درخواست کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے کئی بوئنگ 777 طیارے فنی خرابیوں اور انجن کی عدم دستیابی کے باعث گراؤنڈ ہیں، جس کے باعث قومی ایئرلائن کو شدید آپریشنل مشکلات کا سامنا ہے۔ ان طیاروں کی بحالی کے لیے GE90 انجنوں کی فوری ضرورت ہے، جو بوئنگ 777 طیاروں کے لیے مخصوص ہیں۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انجنوں کی فراہمی کے بعد نہ صرف فلائٹ آپریشن میں بہتری آئے گی بلکہ بین الاقوامی روٹس پر پروازوں کی بحالی سے آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے جنرل الیکٹرک کو انجنوں کی جلد فراہمی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ متاثرہ طیاروں کو جلد از جلد فعال کیا جا سکے۔ اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ
پی آئی اے ان دنوں مالی اور تکنیکی مشکلات سے دوچار ہے، اور بوئنگ 777 جیسے طیاروں کی سروس میں واپسی ادارے کے لیے اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔