اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) الیکشن کمیشن نے اضافی مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اضافی مخصوص نشستوں پر اراکین کی رکنیت بحال کر دی، الیکشن کمیشن نے 24 اور 29 جولائی 2024 کے نوٹیفکیشن واپس لے لئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی تعمیل میں نوٹیفکیشن واپس لیے ہیں،سپریم کورٹ نے نظر ثانی اپیلوں میں فیصلہ سنایا تھا۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کی خواتین کی 5 مخصوص نشستیں بحال کردی ہیں، قومی اسمبلی میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو دو دو جبکہ خیبرپختونخوا کی ایک مخصوص نشست جے یو آئی کو مل گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 11 مخصوص نشستیں بحال کردی گئی ہیں، 10 نشستیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ایک مخصوص نشست مل گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو ایک ایک اقلیتی نشست بھی مل گئی ہے۔
مزید پڑھیں: مخصوص نشستوں بارے فیصلے پر غور کیلئے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب
خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی21 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں جن میں سے جے یو آئی کو 8، ن لیگ کو 6، پیپلز پارٹی کو 5، تحریک انصاف پارلیمنٹیرین اور اے این پی کو ایک ایک مخصوص نشست مل گئی ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کی 4 نشستیں بھی بحال کردی گئی ہیں جس کے بعد جے یو آئی کو 2، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ایک ایک اقلیتی نشست حاصل ہو گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24 مخصوص نشستیں بحال کردی گئی ہیں۔ ایک مخصوص نشست استحکام پاکستان پارٹی اور ایک مسلم لیگ ق کو مل گئی ہے۔
سندھ اسمبلی میں بھی خواتین کی 2 مخصوص نشستیں بحال کردی گئی ہیں۔ ایک نشست پیپلز پارٹی اور ایک ایم کیو ایم کے حصے میں آئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کی 19 مخصوص نشستیں، خیبر پختونخوا کی 25، پنجاب اسمبلی کی 27 جب کہ سندھ اسمبلی کی 3 نشستیں بحال کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر الیکشن کمیشن نے 74 مخصوص نشستیں بحال کی ہیں۔