منگل,  01 جولائی 2025ء
وفاقی حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورز کو 10 جولائی سے مکمل بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 10 جولائی سے مکمل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کو ادارے کی بندش پر وی ایس ایس پیکج کی فراہمی کی ہدایت کردی۔

دستاویز کے مطابق وزیراعظم نے تمام ملازمین کو رضا کارانہ طور پر علیحدہ ہونے کا پیکج دینے کی ہدایت کی ہے۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی زیرِ صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ فیصلے کے مطابق تمام فعال یوٹیلیٹی اسٹورز کل سے ملک بھر میں آپریشنز بند کرنا شروع کردیں گے، اسٹورز پر موجود سامان کو وئیر ہاؤسز میں منتقل کیا جائے گا جبکہ ویئر ہاؤسز سے سامان حکام کی سرپرستی میں دکانداروں کو واپس کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے اسٹورز اور دیگر دفاتر میں موجود آئی ٹی سامان بھی لوٹایا جائے گا، ریکس اور دیگر سامان کی شفاف عمل کے ذریعے نیلامی کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کرائے پر دیے گئے اسٹورز کو یکم اگست سے خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے جائیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے اثاثوں کے تعین کے لیے تخمینہ لگوایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: یوٹیلیٹی اسٹورز یونین نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا

واضح رہے کہ مارچ 2025 میں حکومت نے خسارے کا شکار 1700 یوٹیلٹی اسٹورز بند اور کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سینیٹر عون عباس بپی کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی وزارت صنعت و پیداوار کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔

اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کاپوریشن کے مستقبل پر بریفنگ دی گئی تھی، ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے بتایا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز حکومت کی نجکاری لسٹ میں ہے، 2 سالہ آڈٹ نہ ہونے کے باعث نجکاری کا عمل رک گیا ہے، اگست 2025میں 2 سالہ آڈٹ مکمل کرنے کا ہدف ہے، یوٹیلیٹی اسٹورڑ کی پراپرٹی کی ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن حکومت کی سیکنڈ نجکاری لسٹ پر ہے، خسارے میں جانے والے 1700 یوٹیلٹی اسٹورز بند کیے جا رہے ہیں، نجکاری کے بعد کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین فارغ ہوں گے۔

ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت یوٹیلیٹی اسٹورز کے 5 ہزار ملازمین مستقل ہیں جنہیں سرپلس پول میں بھیجاجائے گا۔

مزید خبریں