علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا محرم میں عزاداری پر قدغن کی سخت مذمت، مذہبی آزادی کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) — چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محرم الحرام کے موقع پر پنجاب حکومت اور پولیس کی جانب سے عزاداری پر عائد پابندیوں اور متعصبانہ رویوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء صدیوں سے جاری ہے اور مذہبی آزادی پاکستان کے تمام مکاتب فکر کا آئینی و قانونی حق ہے جسے کوئی بھی محدود نہیں کر سکتا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہر سال محرم شروع ہوتے ہی رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، پیدل جلوسوں پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں اور مجالس میں شرکت پر غیر معقول پابندیاں نافذ کی جاتی ہیں۔ انہوں نے پنجاب پولیس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی مجالس پر تشدد کیا جا رہا ہے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، جو آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر تعصب اور پابندیاں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ان ایام کے دوران عزاداری کے انعقاد کے لیے مکمل سہولتیں فراہم کریں اور وفاقی وزیر داخلہ پنجاب حکومت کی جانب سے رکاوٹوں کا نوٹس لیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کا قیام مذہبی آزادی کے لیے ہوا تھا اور کسی کو حق نہیں کہ وہ عوام کی عبادت میں رکاوٹ ڈالے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عزاداری پر کسی قسم کی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام عزادار اپنے آئینی اور انسانی حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں عزاداری کے دوران جاری پابندیاں اور متعصبانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر ان رکاوٹوں کو ختم کرنا ہوگا تاکہ یہ مقدس مناسبت مکمل احترام اور آزادی کے ساتھ منائی جا سکے۔

مزید خبریں