اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) این ڈی ایم اے نے اگلے 3 سے 4 دن کے دوران مون سون بارشوں اورممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 5 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار، شمالی و وسطی خیبر پختونخوا میں بارش کاامکان ہے ،ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں آج رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک شدید بارش کا امکان ہے،جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں بارش متوقع ہے۔
بارشوں کے باعث فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے نشیبی علاقوں سیلابی صورتحال کا امکان ہے ، ہزارہ، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پیر پنجال میں طغیانی اورلینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔
دریائے کابل، دریائے سوات اور چترال و ہنزہ کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤمیں اضافہ متوقع ہے،2سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشو ں کاامکان ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے 19 افراد جاں بحق، نقصانات کی رپورٹ جاری
شدید بارشو ں کے باعث حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا،بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔
آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے،کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےپیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔