اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثا رسے راولپنڈی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملکی سیاست میں اہم پیش رفت کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری نثار سے اہم ملاقات کی، ملاقات میں چوہدری نثار کے صاحبزادے تیمور علی خان بھی موجود تھے جبکہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چوہدری نثارعلی خان کو (ن) لیگ میں واپس آنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے چوہدری کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چوہدری صاحب آپ تو ہمیں بھول ہی گئے۔ اس پر چوہدری نثار نے جواب دیا نہیں نہیں میاں صاحب، بس طبیعت ٹھیک نہیں رہتی۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم چوہدری نثار کی رہائش گاہ سے واپس روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار کی 8 برس کے دوران یہ دوسری ملاقات تھی، دونوں رہنماؤں کی گزشتہ برس 7 سال بعد پہلی ملاقات ہوئی تھی۔
ذرائع کا دعوی ہے کہ شہبازشریف چوہدری نثار کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کرنے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق چوہدری نثار علی خان جو کبھی مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما تھے، 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: 9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج
اس وقت چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا، میں طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کا حصہ ہوں، میں اقتدار کی نہیں، عزت کی سیاست کرتا ہوں۔
بعد ازاں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کی 4 قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور دعویٰ کہ ان کی جماعت نے زیادہ تر ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی کے بعد پی ٹی آئی نے منحرف رہنما کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن پارٹی کے بانی عمران خان کے ساتھ ’ذاتی تعلقات‘ کے باوجود انہوں نے شمولیت سے انکار کردیا تھا۔