ایران پر امریکی حملہ: ثقافتی قونصلیٹ ایران اسلام آباد کا سخت ردعمل، امریکہ کو “دشمن نمبر ون” قرار دے دیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران، اسلام آباد نے 22 جون 2025 کو جاری ایک بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے ایران پر مسلط کردہ جنگ کے آغاز کو “حقیقت کا نقاب اٹھنے” کے مترادف قرار دیا ہے۔ قونصلیٹ کے مطابق، چار دہائیوں سے جاری پراکسی جنگ کے بعد امریکہ نے بالآخر براہ راست میدان میں قدم رکھ کر ایرانی قوم کو زبردستی مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے قائدین ہمیشہ سے امریکہ کو مسلم دنیا کا دشمن نمبر ایک قرار دیتے آئے ہیں، اور اب یہ حقیقت دنیا کے سامنے آشکار ہوچکی ہے کہ امریکہ نہ صرف ایران بلکہ تمام مسلمان اقوام کے خلاف اپنی جارحیت میں پیش پیش ہے۔

ایرانی ثقافتی قونصلیٹ نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ امریکہ کی طرف سے ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات پر براہ راست حملہ کئی اہم حقائق کو ظاہر کرتا ہے:

  1. صیہونی حکومت کی ناکامی: اسرائیل، جو ایران کے خلاف جنگ میں پیش پیش تھا، صرف ایک ہفتے میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد امریکہ کو براہ راست مداخلت کرنی پڑی۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی فوجی حیثیت ایک “مکڑی کے جالے” سے زیادہ نہیں۔

  2. امریکہ کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں: قونصلیٹ نے واضح کیا کہ امریکہ نہ صرف بین الاقوامی ضوابط کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ اپنی ملکی قوانین کو بھی پامال کر رہا ہے۔ ایران کے اعلیٰ قیادت کو دی جانے والی دھمکیاں اور ایٹمی تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

  3. ایران کی دفاعی طاقت: ایران کی مسلح افواج نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو اس سطح پر پہنچا دیا ہے کہ وہ کسی بھی عالمی طاقت کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ ایرانی میزائلوں نے قابض صیہونی حکومت کے فوجی و سائبر ڈھانچے کو نشانہ بنایا، اور یہ دفاعی کارروائی “جب تک ضروری ہو” جاری رہے گی۔

  4. عالمی سطح پر حمایت: قونصلیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے، خاص طور پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے حمایت پر تہنیت و تشکر کا اظہار کیا گیا ہے۔

بیان کے آخر میں کہا گیا کہ امید ہے دنیا جلد ہی “حق کی باطل پر حتمی فتح” کا مشاہدہ کرے گی، اور اسلامی اقوام ظلم کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گی۔

مزید خبریں