قومی سلامتی کمیٹی نے ایران پر حملوں کو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی قراردادوں، عالمی قوانین اوریواین چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیدیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) قومی سلامتی کمیٹی نے ایران پر حملوں کو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی قراردادوں،عالمی قوانین اوریواین چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیدیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ،شرکا نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں سے کشیدگی میں اضافہ بڑے تنازع کو جنم دے سکتاہے۔

کشیدگی میں اضافہ بات چیت اور سفارتکاری کے امکانات کومعدوم کررہا ہے،قومی سلامتی کمیٹی نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کے حق دفاع کی مکمل تائید کی۔

قومی سلامتی کمیٹی نے متعلقہ فریقین سے قریبی روابط رکھنے کے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا،خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے جاری کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کی توثیق کی گئی ۔

کمیٹی نے یواین چارٹر اور سفارتکاری کے ذریعے تنازع کا پرامن حل تلاش کرنے کامطالبہ کیا،عالمی انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کی پاسداری یقینی بنانے پر زوردیا گیا۔

کمیٹی نے ایرانی حکومت اورایرانی عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کااظہاربھی کیا۔

مزید پڑھیں: ایرانی قونصل جنرل سے یوتھ ماڈل نیشنل اسمبلی خیبر پختونخوا کے وفد کی ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو

مزید خبریں