پشاور (روشن پاکستان نیوز) ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے تحت یوتھ ماڈل نیشنل اسمبلی خیبر پختونخوا کے صدر اظہار الدین کی قیادت میں ایک وفد نے ایرانی قونصل خانے پشاور میں قونصل جنرل علی بنفشہخاہ سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال، ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت، اور خطے میں جاری مزاحمتی تحریکوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
صدر اظہار الدین نے ایرانی قیادت اور عوام کے اصولی مؤقف، استقامت اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری امت مسلمہ ایران کے ساتھ کھڑی ہے اور خطے میں انصاف و خودمختاری کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہخاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ایران نے کبھی امریکی غلامی قبول نہیں کی اور نہ کرے گا۔ اگر مزاحمت ہی راستہ ہے تو ہم اس پر فخر سے قائم رہیں گے۔”
وفد کے دیگر اراکین نے بھی ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ایرانی شہداء کے لیے دعا کی۔ ملاقات میں امت مسلمہ کے اتحاد، مزاحمتی تحریکوں کی حمایت، اور خطے میں مشترکہ جدوجہد کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی قونصل خانے کی جانب سے وفد کو پرتپاک میزبانی فراہم کی گئی۔