اتوار,  22 جون 2025ء
جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے ، کسی فرد یا گروہ کو اختیار نہیں ، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کراچی میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور سماجی حلقوں سے ملاقات کی۔ سماجی حلقوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا والہانہ خیرمقدم کیا اور اُن سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں اور اُنہیں آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں، کیونکہ قومی اتحاد برابری اور ہم آہنگی سے ہی قائم رہتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایران کا آبنائے ہرمز بند کرنے اور امریکی فوجی اہداف پر حملوں کا اعلان

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاک فوج جدید جنگی حکمت عملی کے ساتھ دشمن کو جواب دے رہی ہے، نسلی یا لسانی نفرت جہالت ہے، تمام پاکستانی برابر ہیں، متحد رہیں گے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔

اس موقع پر مختلف مذاہب اور سماجی طبقات کے نمائندوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ملاقات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں