اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکا کہنا ہے کہ اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کردیکھنے کی ہمت بھی نہیں کرسکتا،ملک کی حفاظت کی بات ہوگی تو ہم سب ایک ہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا پرانا بیان چلایاجارہاہے،وزیردفاع خواجہ آصف کا فیک کلپ بھی چلایاگیاہے،فیک نیوز کی بھرمارہے،احتیاط برتنی چاہیے۔
پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ ہے،پاکستان خطے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئےہے،پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیاجائےگا۔اگر پاکستان پر کوئی حملہ ہوا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،پاکستان نے اسرائیل سے بڑے دشمن کا مقابلہ کیا ہے۔
ہم سب کو محتاط ہو کر بات کرنی چاہئے،جنگ کوئی بچوں کا کھیل نہیں،ہماری پوری کوشش تھی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں،ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے مجھے لوپ میں رکھا۔
15جون کو ایران اورامریکا میں دوبارہ مذاکرات شیڈول تھے،ہم معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں،اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی وزیرخارجہ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی۔
پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا،اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا،ایران نے پاکستان کا شکریہ ادا کیاہے۔
مزید پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کیخلاف جنگ میں اسرائیل کیساتھ شامل ہونیکا عندیہ دیدیا
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے حجاج اگر پاکستان آنا چاہتے ہیں تو ہم خوش آمدید کہیں گے،ایران کے حجاج کو کراچی آمد پر فی الفور ویزہ جاری کیاجائےگا،ایران کے حجاج کو کراچی سے براہ راست ایران بھیجاجائےگا۔
ایران سے 250پاکستانی طلبا کو پاکستان منتقل کیا جا چکا ہے،عراق گئےہوئے500زائرین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔