راولپنڈی: (روشن پاکستان نیوز) تھانہ واہ صدر کی حدود میں مبینہ ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار سجاد شاہ شہید ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے گلشن انوار واہ کینٹ میں تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی اور اسی دوران ملزموں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں ایک گولی کانسٹیبل سجاد شاہ کو لگی جو شدید زخمی ہوئے اور موقع پر شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ٹیم تھانہ چکری، تھانہ ریس کورس اور تھانہ واہ صدر کی حدود سے چھینے جانے والے موٹر سائیکلوں کے بعد ناکہ بندی پر تھی، پولیس پر فائرنگ کرنے والے ملزموں کو پکڑنے کیلئے کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہید کانسٹیبل ایس ایچ او واہ صدر آفتاب شاہ کے چھوٹے بھائی تھے اور ملزمان کی فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی کریک ڈاؤن مہم، غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمد، ملزمان گرفتار
پولیس نے علاقے کو حصار میں لے کر ملزموں کی تلاش شروع کردی جبکہ شہید سجاد شاہ کی میت کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔