ویمن چیمبر کی ترک امریکن چیمبر سے شراکت، خواتین کو عالمی تجارت میں لانے کا عزم

عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات متعارف کروا رہے ہیں۔: ثمینہ فاضل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  ویمن چیمبر آف کامرس کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے کہا ہے کہ ہم دوست ممالک کے ساتھاقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ ہمارا ایک مقصد تجارت کرنے والی پاکستان خواتین کے لئے نئے مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی حاصل کر کےاپنی مصنوعات اور خدمات پیش کر سکیں۔ثمینہ فاضل نے یہ بات امریکہ کے دورے کے دوران ترک امریکن چیمبر آف کامرس کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ ہم خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھنے ہیں۔اس موقع پر ترک امریکن چیمبر آف کامرس کے صدر ڈاکٹر علی کوچاک نے کہا کہ ہم امریکی مارکیٹ میں قدم جمانے کی خواہش رکھنے والی خواتین کی بھرپور مدد کریں گے۔پاکستانی مصنوعات اپنے معیار اور قیمت کے باعث وہ امریکی منڈی میں جگہ بنا سکتی ہیں۔ اس موقع پر ثمینہ فاضل نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، جو باہمی احترام، ثقافتی تنوع، اور امن و ترقی کے عزم پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکی نے صرف اخلاقی اور سفارتی حمایت ہی فراہم نہیں کی بلکہ عالمی فورمز پر پاکستان کے ساتھ کھل کر کھڑا ہوا جس نے بھائی چارے کے جذبے کو مزید مستحکم کیا۔انہوں نے کہا کہ ترکی صرف ایک دوست ملک نہیں بلکہ ایک بھائی کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ اپک ترک تعلقات کے معاشی پہلو کو بھی سیاسی اور اسٹریٹجک بھائی چارے کی طرح مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ ہم ایک ایسا پائیدار اور جامع تجارتی ڈھانچہ قائم کرنا چاہتے ہیں جو پاکستان ترکی اور امریکہ کو باہم منسلک کرے۔ہم پاکستان کی عالمی ساکھ کو بہتر بنانےسرمایہ کاری کے فروغ اور خواتین کی صلاحیتوں اور ہنر کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے بھی سرگرم ہیں۔یہ معاہدہ مشترکہ تجارتی نمائشوں، وفود کے تبادلوں، نیٹ ورکنگ فورمز، اور معلوماتی تبادلے کے پروگراموں کی راہ ہموار کرے گا، جو ٹیکسٹائل، ہینڈی کرافٹ، آئی ٹی، اور سروسز سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی کاروباری خواتین کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت فاروق مرزا نے کہا کہ ہم سب مل کر ترقی کے منزل طے کریں گے۔

مزید خبریں