اسحاق ڈار کا برطانوی وزیر خارجہ سے رابطہ، باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر باہمی تعاون بڑھانے پر بات کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے قریبی روابط قائم رکھنے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے اس ماہ اقوام متحدہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیار اودیلووچ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے اپنی گفتگو میں ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان سہ ملکی ریلوے منصوبے کے فریم ورک معاہدے کی جلد تکمیل پر مشاورت بھی کی گئی، معاہدے پر دستخط کی تقریب کے طریقہ کار اور افغان قیادت سے رابطوں پر گفتگو بھی کی گئی جبکہ ریلوے منصوبہ علاقائی رابطے اور تجارتی ترقی کے لیے سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بایراموف کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں وزیرِ خارجہ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفد کو آذربائیجان کی جانب سے دی گئی میزبانی پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے آئندہ اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او سمٹ پر تفصیلی گفتگو بھی کی، ای سی او سربراہی اجلاس جولائی 2025ء کے اوائل میں آذربائیجان میں ہو گا، دونوں رہنماؤں نے سربراہی اجلاس کی تیاریوں، شرکاء اور طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

مزید خبریں