اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ ہے۔
انہوں نے عمران خان کی رہائی کے لئے درخواست دائر کر دی، علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے درخواست دائر کی ہے، بانی پی ٹی آئی امت مسلمہ کے لیڈر ہیں اور امید ہے ہمیں انصاف ملے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سابق وزیراعظم عمران خان کی پے رول پر رہائی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، انہوں نے درخواست دائر کرنے کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کروائی۔
انہوں نے لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں عدالت سے عمران خان کی پیرول پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔ انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت کا سامنا ہے اور مختلف شہروں پر ڈرون حملوں سے بانی پی ٹی آئی کی جان کو جیل میں خطرہ ہے۔
انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سیاسی طور پر بنائے گئے مقدمات میں طویل قید سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس طرح کی قید سے بچنے کے لیے آئین میں پے رول پر رہائی کی ریمیڈی موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی یقین دہانی کراتے ہیں کہ پے رول پر رہائی کی شرائط پر عمل کریں گے۔