لاہور (روشن پاکستان نیوز): پنجاب پولیس کے افسران نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی ایوارڈز اپنے نام کر لیے، جس سے نہ صرف ادارے بلکہ ملک کا نام بھی روشن ہوا ہے۔
سرگودھا سٹی سرکل میں تعینات اے ایس پی انعم شیر خان نے “Excellence in Criminal Investigation Award 2025” کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون پولیس افسر بن گئی ہیں، جو کہ پاکستان کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔
دوسری جانب، ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان نے “Best Artificial Intelligence Implementation in Policing Award” کی کیٹیگری میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے، جس سے پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
یہ اعزازات 13 سے 15 مئی کے دوران دبئی میں ہونے والی بین الاقوامی تقریب میں دیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ان کامیاب پولیس افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں نے نہ صرف پنجاب پولیس بلکہ پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابیاں نوجوان افسران کے لیے مشعل راہ ہیں اور پولیس میں شفافیت، ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیقاتی معیار کی بہتری کی طرف ایک مثبت قدم ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس میں میرٹ کی پامالی: ایس ایچ او ملک محمد صدیق کی معطلی اور نئے افسران کی حوصلہ شکنی