یوم آزادی صحافت: سحر کامران کا اظہارِ خیال، خواتین صحافیوں کے تحفظ اور مساوی حقوق کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سحر کامران نے یوم آزادی صحافت کے موقع پر صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت کسی بھی جمہوری ریاست کا بنیادی ستون ہے اور سچائی پر مبنی صحافت قوموں کو آئین و انصاف کے دائرے میں رکھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 مئی دنیا بھر میں آزادی صحافت کے طور پر منایا جاتا ہے، جو اس شعبے سے وابستہ افراد کی اہمیت کا ثبوت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اظہارِ رائے کی آزادی اور میڈیا کی خودمختاری کے لیے عملی جدوجہد کی ہے۔

سحر کامران نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار صحافت کو آئینی تحفظ فراہم کیا جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے میڈیا کی آزادی کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ آج چیئرمین بلاول بھٹو بھی انہی نظریات پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے ان تمام باہمت صحافیوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے سچ بولنے کی قیمت ادا کی اور ان صحافیوں کی جرات کو بھی سراہا جو آج بھی جبر کے خلاف قلم بلند کیے ہوئے ہیں۔

خواتین صحافیوں کا ذکر کرتے ہوئے سحر کامران نے کہا کہ وہ شعبہ صحافت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور مثبت کردار ادا کر رہی ہیں، لیکن موجودہ دور میں انہیں ہراسانی، دباؤ اور پیشہ ورانہ رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین صحافیوں کو مساوی حقوق، تحفظ اور باعزت ماحول فراہم کیا جائے اور یقین دلایا کہ جلد ایسی قانون سازی کی جائے گی جو ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کرے گی۔

اپنے پیغام کے آخر میں سحر کامران نے کہا کہ آج ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ آزادی صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کے وقار کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، ملک کی اقتصادی اور ثقافتی روابط میں مزید بہتری آئے گی،سحرکامران

مزید خبریں