پیر,  28 اپریل 2025ء
خوارج نے دوبارہ پاکستان میں داخل ہونےکی کوشش کی تو اسی طرح ماریں گے: محسن نقوی

لاہور(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا ہےکہ خوارج نے دوبارہ پاکستان میں داخل ہونےکی کوشش کی تو اسی طرح ماریں گے، پکڑیں گے اور ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے خلاف ہتھیار  اٹھانے والے تمام لوگوں کے لیے پیغام ہےکہ انجام یہی ہوگا، یہ ان سب لوگوں کے لیے پیغام ہے جو پاکستان آکر حملہ کرتے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،  مختلف شہروں سے اب تک 8 بارودی سرنگیں پکڑی ہیں،  سب کو پتا ہے دہشت گردوں کو کون فنڈنگ کررہا ہے، پاکستان کے خلاف جو بھی سازش کررہا ہےکسی کو معاف نہیں کریں گے، پاکستان کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی قسم کا کوئی واقعہ رونما ہوا تو بھارت کو پتہ چلےگا کس طرح جواب ملتا ہے، پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے،ہم شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کے لیے تیار ہیں، بھارت کی تحقیقات پر بھروسہ نہیں ہے، اگر بھارت نے کچھ بھی کیا اس کا جواب ضرور دیا جائےگا۔

سکیورٹی فورسز نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اپریل کی درمیانی رات اور پھر 26 اور 27 اپریل کی رات کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے اس بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت نوٹ کیا جو پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت سے ہمیشہ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن وہاں سے دھمکیاں ملتی رہیں، شاہد آفریدی

سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی دراندازی کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

مزید خبریں