لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کی پہلی صوبائی ائیر لائن اور پہلی بلٹ ٹرین منصوبے کا اعلان کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ائیرپنجاب پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں پہلی صوبائی ائیر لائن ’ایئر پنجاب‘ کا پراجیکٹ پیش کیا گیا، صوبائی ائیر لائن کے لیے فوری طور پر 4 ایئر بس طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایئر پنجاب کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
ابتدائی طور پر ”ایئر پنجاب“اندرون ملک ڈومیسٹک پروازیں شروع کرے گی، ایک سال کاپیریڈ مکمل ہونے کے بعد”ایئر پنجاب“بیرون ملک پروازیں بھی شروع کر سکے گی، ”ایئر پنجاب“کے لئے جدید ترین طیارے لیز پر لینے کے لئے فوری انتظامات کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی، پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے لیے مختلف آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی تک پہلی بلٹ ٹرین کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بلٹ ٹرین کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی کے سفر کا دورانیہ تقریباً اڑھائی گھنٹے تک رہ جائے گا، وزیراعلیٰ نے سینئر وزیرمریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کار کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں پنجاب کے مزید چھ روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین کے لئے پلان بھی طلب کر لیا، لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک بھی ہائی اسپیڈ ٹرین چلے گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی گاڑی کو حادثہ، معمولی زخمی
شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کا روٹ ہو گا، ہائی اسپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا چلائی جائے گی،لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال جبکہ فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک بھی ہائی اسپیڈ ٹرین چلے گی۔