اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا پانی روکا گیا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کامیاب کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لئے افتخار کا باعث ہے۔ ہماری مسلح افواج قومی اتحاد، تنظیم اور عزم کی علامت ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے نام رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پانی روکا گیا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے۔ پانی پاکستان کے لیے لائف لائن ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی تمام اشکال میں مذمت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے اور کسی بھی مس ایڈونچر کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کے حوالے سے کسی غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پربے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
مزید پڑھیں: عوام کی طاقت، افواج پاکستان کی صلاحیت اور بھٹو کا نظریہ مودی سرکار کی شکست کا پیغام ہے: سمیرا گل
پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لئے تیار ہیں، پاکستان اپنے وقاراور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، کوئی بھی مہم جوئی ہوئی تو 2019 کی طرح کا منہ توڑ جواب دیں گے، ہر صورت، ہر قیمت پر ملکی سلامتی کا دفاع کریں گے۔