بدھ,  23 اپریل 2025ء
ہندوستان کی پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے خلاف سازش کھل کر سامنے آ گئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ہندوستان کی جانب سے پہلگام حملے کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ حملہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا جس کے ذریعے بھارت نے اپنی مذموم مقاصد کی تکمیل کی اور صرف 24 گھنٹے کے اندر اندر سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر غیر قانونی طریقے سے معطل کر دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارت کی آبی جارحیت کھل کر سامنے آ چکی ہے اور یہ عمل 1960 کے سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ معاہدے کی شق نمبر 12 (4) کے مطابق، یہ معاہدہ اس وقت تک ختم نہیں کیا جا سکتا جب تک دونوں فریق تحریری طور پر اس پر متفق نہ ہوں۔ بھارت کی یہ یکطرفہ کارروائی بین الاقوامی قوانین اور انٹرنیشنل واٹر ٹریٹیز کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے بغیر کسی تحقیق اور ثبوت کے پاکستان پر پہلگام حملے کا الزام لگایا اور غیر ذمہ دارانہ طور پر معاہدہ معطل کر دیا۔ اس اقدام سے بھارت نے عالمی برادری کے سامنے اپنا غیر ذمہ دارانہ اور مذموم چہرہ واضح کر دیا ہے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معاہدہ ہے جس کا ضامن عالمی بینک بھی ہے۔ بھارت کا یہ اقدام نہ صرف اس معاہدے بلکہ دیگر بین الاقوامی معاہدوں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی اقدامات: وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

ذرائع کے مطابق، بھارت ایسے ناقابل عمل اور اشتعال انگیز اقدامات کے ذریعے اپنے اندرونی سیاسی اور معاشی بحرانوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن، انصاف اور قانون کی پاسداری کی بات کی ہے، اور بھارت کی یہ جارحانہ روش خطے میں امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

مزید خبریں