کراچی(روشن پاکستان نیوز) اتحاد ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر 2025 سے ابوظہبی اور کراچی کے درمیان اپنی پروازوں کی تعداد بڑھا کر 28 ہفتہ وار کر دی جائے گی۔ اس وقت اتحاد ایئرویز ابوظہبی سے کراچی کیلئے 14 ہفتہ وار پروازیں چلا رہا ہے، جو ایئربس A320 فیملی کے طیاروں کے ذریعے آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
ترجمان اتحاد ایئرویز کے مطابق، پروازوں میں اضافے کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے سفری تقاضوں کو پورا کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری، سیاحتی اور خاندانی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اضافی پروازیں مسافروں کو زیادہ سہولت، لچکدار شیڈول اور بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کریں گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفر مزید آسان اور آرام دہ ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ اتحاد ایئرویز متحدہ عرب امارات کی معروف ایئرلائن ہے جو دنیا بھر کے کئی شہروں کو اپنی سروسز فراہم کر رہی ہے۔ کراچی، پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی مرکز ہے، جس کی طرف فضائی سفر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: اتحاد ایئر ویز نے ابو ظہبی اور پشاور کے درمیان ہفتہ وار پانچ پروازیں شروع کر دیں