اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)امریکی سفارتخانے کی قائم مقام سفیر نٹالی بیکر نے گلوبل ٹریڈ ایکسپو سینٹر پاکستان (GTEC) کے چیئرمین و سی ای او مظہر حسین طتھل سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے وفد نے بھی شرکت کی۔
جی ٹیک کے انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ ریلیشن شپ کے ڈائریکٹر لیاقت طتھل نے اس موقع پر ادارے کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا،
“ہم پاکستانی اور امریکی SMEs کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ اقدام دونوں ممالک کی چھوٹی صنعتوں، بالخصوص خواتین کاروباری شخصیات کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا۔”
ملاقات میں امریکی سفارتخانے کے اکنامک افسران نے بھی شرکت کی، جس میں باہمی SME تعاون، مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی اور پاکستان و امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ پاکستانی SME وفد آئندہ ہونے والے پاکستان-امریکہ SME ٹریڈ اینڈ بزنس ڈیلیگیشن 2025 میں شرکت کرے گا، جو نیویارک میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل فرنچائز ایکسپو 2025 کا حصہ ہوگا۔
جی ٹیک کے زیر اہتمام یہ وفد سرجیکل آلات، صحت، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، خوراک اور بیوٹی پراڈکٹس کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اداروں پر مشتمل ہوگا، جو نہ صرف دو طرفہ کاروباری روابط کو فروغ دے گا بلکہ پاکستانی خواتین کاروباریوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔