اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام غزہ اور فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں عظیم الشان غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مارچ میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ روحانی و مذہبی شخصیت چراغ بری امام، پیر سید حیدر علی گیلانی نے بھی خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں پیر سید حیدر علی گیلانی نے فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “فلسطین کی آزادی ہمارے ملک کے سپہ سالار کی ایک للکار کی مرہون منت ہو سکتی ہے۔” انہوں نے امت مسلمہ کو خبردار کیا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے جذبۂ جہاد کو بیدار کریں، اس سے پہلے کہ کوئی غیر مسلم ہمیں طعنے دے یا چوڑیاں بھجوائے۔
انہوں نے سعودی عرب کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سعودی عرب بیت المقدس اور فلسطین کے لیے صرف زبان کو ہلکا سا حرکت دے دے تو خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
مارچ سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن، سابق امیر سراج الحق، اور دیگر مرکزی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ قائدین نے فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لیا جائے اور فلسطینیوں کو ان کا جائز حق دلایا جائے۔