اتوار,  20 اپریل 2025ء
وفاق اور سندھ حکومت نے نہروں کا مسئلہ مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق کرلیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاق اور سندھ حکومت نے نہروں کا مسئلہ مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق کرلیا۔

صدر ن لیگ نواز شریف کی ہدایت پر رانا ثنا اللہ نے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن سے فون پر رابطہ کیا جس میں رانا ثنا نے کہا کہ نہروں کے معاملے پر سندھ سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ نہروں کے معاملے پر سندھ کے تحفظات دور کیے جائیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کو دریائے سندھ سے نہریں نکالنے پر شدید تحفظات ہیں، پیپلز پارٹی بھی نہروں کے معاملے پر وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے لیے 1991 کے معاہدے کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے۔

ریلوے ٹریک سمیت پورا سندھ بھی بند کر سکتے ہیں، صدر کراچی بار

دوسری جانب خیر پور میں کینال منصوبے کے خلاف وکلا کا ببرلو بائی پاس پردھرنا جاری ہے۔

صدر کراچی بار عامر نواز وڑائچ کے مطابق آج صبح ہمارے احتجاجی کیمپ پر حملہ ہوا اورفائرنگ کی گئی، ہم یہاں سے کسی صورت نہیں جائیں گے، ہم ریلوے ٹریک سمیت پورا سندھ بھی بند کر سکتے ہیں۔

کراچی بار ایسوسی ایشن نے ببرلو بائی پاس پر وکلا کے پرامن دھرنے پر فائرنگ کی مذمت کی اور جاری کردہ بیان میں کہا کہ  ببرلو بائی پاس پر دھرنا آل پاکستان کنونشن کے تحت دیا جارہا ہے، پرامن دھرنے پر حملہ جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے، دریائے سندھ پانی کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ شناخت، ذریعہ معاش اور لائف لائن ہے۔

اعلامیے کے مطابق ببرلو بائی پاس دھرنے پر فائرنگ کے واقعے کی فوری شفاف جوڈیشل انکوائری کرائی جائے،  فائرنگ کے واقعے میں ذمے داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

مزید خبریں