لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پارٹی مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پنجاب سمیت ملک بھر میں جلد ورکشاپس کا انعقاد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل اور سیاسی تربیت کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایڈیٹر ابابیل نیوز رفیع شہزاد بھٹہ سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ بات چیت کے دروازے کھلے رکھتی ہے اور مثبت سیاسی روایت کی امین ہے۔
اسی موقع پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بلا تفریق غریبوں کی کفالت کے لیے شروع کیا گیا تھا اور صدر آصف علی زرداری و وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اس کے بجٹ میں اضافے پر وہ ان کی قیادت اور تعاون کی شکر گزار ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی کے نومنتخب عہدیداران نئی نسل کو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے وژن اور جدوجہد سے آگاہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ایک الگ ملاقات میں پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات سید سبط حسن نے ابابیل نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی قیادت نے ہدایت جاری کی ہے کہ سیاست میں گالم گلوچ، بدتمیزی اور کردار کشی سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایسی منفی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: ن لیگ ہمیشہ عوام کو ریلیف دیتی ہے: نواز شریف کی بجلی نرخ میں کمی پر وزیراعظم کو مبارکباد
ملاقات کے اختتام پر ایڈیٹر ابابیل نیوز رفیع شہزاد بھٹہ، سینیٹر روبینہ خالد نے ندیم افضل چن کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں سینئر صحافی سہیل خان، ایڈووکیٹ احتشام صابری، ترجمان پیپلز پارٹی مستجاب ڈھوکی اور سینئر فوٹو جرنلسٹ وقاص صدیقی بھی شریک تھے۔