هفته,  19 اپریل 2025ء
شیر افضل مروت کے غیر شائستہ اندازِ گفتگو پر عوامی ردعمل، رویے میں تبدیلی کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت اپنی بولڈ اور بے باک گفتگو کے انداز کی وجہ سے عوام میں شہرت رکھتے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں ان کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے رویے پر شدید عوامی تنقید سامنے آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان کے الفاظ کے انتخاب اور اندازِ گفتگو کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات نہ صرف پارلیمانی روایات کے منافی ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی ایک منفی مثال قائم کرتے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا: “مروت کی کلاس لگاؤ، یہ بندہ جو کچھ کہہ رہا ہے وہ ہمارے معاشرتی اقدار کے خلاف ہے۔”
دوسرے صارف کا کہنا تھا: “ہمارا معاشرہ ایک اسلامی معاشرہ ہے، اور ایسے غیر شائستہ الفاظ کا استعمال نوجوانوں کو بگاڑنے کے مترادف ہے۔”

تنقید کرنے والوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو اپنے الفاظ اور انداز گفتگو پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے اور بطور ایک عوامی نمائندہ، انہیں ایسا طرز عمل اختیار کرنا چاہیے جو بردباری، شائستگی اور مثبت رہنمائی کا مظہر ہو۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عوامی عہدے پر فائز افراد کو اپنے رویے اور زبان کا خاص خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ان کا اثر براہ راست نوجوان نسل اور عام شہریوں کی سوچ پر پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان چاہیں تو شیر افضل مروت کو دوبارہ پارٹی میں شامل کر سکتے ہیں، جنید اکبر

اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ شیر افضل مروت اپنی اس تنقید پر کیا ردعمل دیتے ہیں، اور کیا وہ آئندہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں گے یا نہیں۔

مزید خبریں