هفته,  19 اپریل 2025ء
سحر کامران کا سینیٹر فرحت اللہ بابر سے اظہارِ یکجہتی: “بے بنیاد انکوائری فوری واپس لی جائے”

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی ممتاز رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے سینیٹر فرحت اللہ بابر کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے جاری تحقیقات کو بے بنیاد اور جمہوری اقدار پر حملہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹر فرحت اللہ بابر ایک مایہ ناز انسانی حقوق کے علمبردار، دیانتدار اور اصول پسند سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ سچائی، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے بے خوف آواز بلند کی ہے۔ ان کے خلاف جاری انکوائری کو رائے کی آزادی اور اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے سحر کامران نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ ملک کے آئینی و جمہوری اصولوں کے منافی بھی ہے۔

سحر کامران نے مطالبہ کیا کہ سینیٹر بابر کے خلاف فوری طور پر یہ بے بنیاد انکوائری واپس لی جائے اور انہیں نشانہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرحت اللہ بابر کی جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین منتخب

پیپلز پارٹی اور جمہوریت پسند حلقے سینیٹر بابر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

مزید خبریں