منگل,  15 اپریل 2025ء
حق خودارادیت کیلئے اٹھنے والی آواز کو بارود سے نہیں دبایا جاسکتا، وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف رکھتی ہے۔ اور حق خودارادیت کیلئے اٹھنے والی آواز کو بارود سے نہیں دبایا جاسکتا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر وحشیانہ ظلم کیا۔ اور اسرائیل فلسطینی عوام کی نسل کشی کر رہا ہے۔ اس نے ظلم وبربریت کی نئی تاریخ رقم کی۔

اسرائیلی بربریت کے خلاف گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار کے قریب فلسطینی زخمی ہیں۔ اسرائیل نے ہنستی بستی آبادی اور عمارتوں کو زمین بوس کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ترسیلات زر نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، ایک ماہ میں4 ارب ڈالر موصول

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسرائیل کے وحشیانہ اقدام کے خلاف دنیا بھر کی اقوام نے آواز اٹھائی۔ اور کچھ اقوام ایسی بھی ہیں جو اس ظلم کیخلاف خاموش رہیں۔ اسرائیل خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف رکھتی ہے۔ اور حق خودارادیت کے لیے اٹھنے والی آواز کو بارود سے نہیں دبایا جاسکتا۔ ان خطوں کے عوام کی تقدیر کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہونا چاہیے۔

وزیر قانون نے کہا کہ اکتوبر 2023 سے وحشیانہ جنگ کا آغاز اسرائیل نے کیا۔ اور دنیا بھر میں اس ظلم کے خلاف آوازیں اٹھیں اور لاکھوں لوگوں نے احتجاج کیا۔ اسرائیل کے معصوم بچوں، خواتین اور سویلین آبادی پر حملے جاری ہیں۔

مزید خبریں