اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پولیو سے بچاؤ ویکسین سے ہی ممکن ہے،ایک دفعہ پولیو ہونے کے بعد اس کاعلاج ممکن نہیں،بچوں کو انسداد پولیو کےقطرے نہ پلانے والے والدین مجرم ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،کراچی میں پولیو مہم کیلئے عوامی نمائندے بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔
صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے ،پاکستان میں 21اپریل سے انسداد پولیو مہم شروع ہو رہی ہے ، ہمارے ماحول میں پولیو کے وائرس موجود ہیں۔
کراچی کےہر ضلع میں پولیو کاوائرس موجود ہے،ہم سب نے مل کر انسداد پولیو مہم کو 100 فیصد کامیاب بنانا ہے،پولیو کے قطرے نہ پلانے والےمعاشرے اور قوم کےدشمن ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک کے خزانے میں صرف 9 ارب ڈالر ہیں: مصطفیٰ کمال
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں44ہزار والدین نے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا ،انکار کرنے والے 44ہزار افراد میں سے 34ہزار کاتعلق کراچی سے ہے،ہم نے ہر حال میں ملک سے پولیو کے کیسز کو ختم کرنا ہے۔