هفته,  12 اپریل 2025ء
پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے ہنر مند انسانی وسائل کی تیاری ناگزیر ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ہنر مند انسانی وسائل کی تیاری ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال سے امریکی ایوان نمائندگان کے رکن جیک برگمین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں نمائندگان تھامس رچرڈ سوزی، جوناتھن ایل جیکسن اور دیگر سینئر امریکی حکام بھی شامل تھے۔

ملاقات میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ بالخصوص ترقیاتی تعاون اور مختلف شعبوں میں مستقبل کی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے طویل المدتی اور وسیع البنیاد تعلقات، خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہیں۔ ان تعلقات کی مضبوطی خطے کے استحکام اور عالمی امن کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی سیاست کے تناظر میں پاک امریکہ تعلقات کو زمینی حقائق۔ باہمی اعتماد اور ترقی پر مبنی شراکت داری کی بنیاد پر ازسرنو استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ دو امریکی جنگوں کے اثرات کے باعث پاکستان کو شدید سماجی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ جن میں تین عشروں سے زائد عرصے تک 35 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کا بوجھ، منشیات اور اسلحے کا پھیلاؤ۔ اور انتہاپسندی کا فروغ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے اہم ملاقات

احسن اقبال نے تعلیم، توانائی، ماحولیاتی تبدیلی، انفراسٹرکچر اور آئی ٹی۔ جیسے شعبوں میں ترقیاتی بنیادوں پر دو طرفہ تعلقات کو ازسرنو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر منصوبہ بندی نے امریکہ میں اپنی تعلیمی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اعلیٰ تعلیم نے عالمی سطح کے رہنماؤں اور موجدوں کو جنم دیا ہے۔ اور فلبرائٹ اسکالرشپ جیسے پروگرامز نے ہزاروں پاکستانی طلبا کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ جنہوں نے ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ہنر مند انسانی وسائل کی تیاری ناگزیر ہے۔ پاکستان دنیا بھر میں فری لانس آئی ٹی ماہرین کا تیسرا بڑا مرکز ہے۔

امریکی کمپنیوں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ جو چیلنجز کو مواقع میں بدل سکتے ہیں۔

مزید خبریں