اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگلے کچھ ماہ میں وزیر اعظم مزید ریلیف کا اعلان کریں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ چیمبرز کے مسائل کا ادراک ہے، مشکلات حل کرنے کی کوشش کریں گے، تاجروں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، سیالکوٹ چیمبر تاجروں کے لئے کامیابی کی مثال ہے، گوجرانوالہ ایکسپو کودنیا بھرمیں سراہا گیا،صنعت کی ترقی ملکی ترقی کاباعث ہے،معاشی استحکام کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے، شرح سود 22 فیصد سے 12 فیصد پر آ چکی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار میں استحکام آرہا ہے، 2028 کے بعد ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ افراط زر نیچے آنے کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیے، اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ معمول کا حصہ ہے، منرلز انویسٹمنٹ فورم ہماری معاشی سمت کے درست ہونے کا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ ریکوڈیک منصوبہ ہمارا خواب ہے۔
مزید پڑھیں: نوازشریف کی بجلی کی قیمتوں میں کمی پر عوام کو مبارک باد
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کوعالمی منڈی تک رسائی دینا وقت کی ضرورت ہے، سیلری کیٹیگری کے فورم کو 150 سے کم کرکے 25 تک لے کرجا رہے ہیں، سیلری کیٹیگری کے ٹیکس پراسس میں سہولیات لارہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو بخوبی سمجھتا ہوں، ایسا طبقہ جس کی جائیداد یہاں ہے نہ وہاں اس کو بھی پیچیدہ ٹیکس نظام میں الجھایا ہوا ہے،اگلے کچھ ماہ میں وزیر اعظم کی جانب سے مزید ریلیف کا اعلان کیا جائے گا۔