نوشہرہ (روشن پاکستان نیوز) — پاکستان ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ اور محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے درمیان جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لئے “جنگلات اپناؤ” منصوبے پر باقاعدہ یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ اس موقع پر ایک سادہ مگر باوقار تقریب ڈویژنل فارسٹ آفیسر نوشہرہ کے دفتر میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ڈویژنل فارسٹ آفیسر جناب طارق خادم جبکہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی جانب سے ہیڈ آف ایکسٹرنل افیئرز سمیع زمان نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے دیگر نمائندگان جن میں عماد الدین محمد، سید علی عباس، جمال تورو اور عامر لودھی شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔
معاہدے کے تحت محکمہ جنگلات پاکستان ٹوبیکو کمپنی کو 200 ایکڑ رقبہ فراہم کرے گا، جس پر مقامی اقسام کے درختوں کی کاشت کی جائے گی۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ، درختوں کی افزائش اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سمیع زمان نے اس موقع پر پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے اب تک کے افورسٹیشن اور کنزرویشن پروگرامز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی اب تک 160 ملین سے زائد پودے لگا چکی ہے اور 38 ہیکٹرز پر محیط کنزرویشن سائٹس قائم کی جا چکی ہیں۔
ڈویژنل فارسٹ آفیسر جناب طارق خادم نے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی جانب سے جنگلات کے فروغ میں معاونت کو سراہتے ہوئے “جنگلات اپناؤ” منصوبے کو مستقبل کے لیے نہایت مفید اور ماحول دوست قرار دیا۔
یہ شراکت داری سرسبز پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے، جو ماحولیاتی توازن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔