هفته,  12 اپریل 2025ء
پولیس کانسٹیبلز کی ترقی کا عمل متنازع، 18 سال سے محروم اہلکار انصاف کے منتظر

لاہور(روشن پاکستان نیوز)  پولیس فورس میں سینیارٹی کی بنیاد پر ترقی کا خواب دیکھنے والے سینئر کانسٹیبلز ایک بار پھر محکمانہ پالیسیوں کی ناہمواری کا شکار ہو گئے۔ جولائی 2007 میں بھرتی ہونے والے اور 2012 میں “بی لسٹ” کا امتحان باقاعدہ طور پر پاس کرنے والے درجنوں اہلکار گزشتہ 18 سال سے ترقی کے منتظر ہیں، لیکن اب تک ان کی شنوائی نہیں ہو سکی۔

متاثرہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ 2012 سے 2019 تک وہ “سی ون لسٹ” یعنی لوئر کورس کے انعقاد کے منتظر رہے، اور جب بالآخر 2019 میں یہ کورس مکمل ہوا، تو پروموشن کی امید بندھی، مگر بدقسمتی سے انہیں پھر بھی نظر انداز کر دیا گیا۔ ان اہلکاروں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمانہ ترقیوں میں سینیارٹی اور قابلیت کو نظر انداز کر کے پسند و ناپسند کی بنیاد پر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

اہلکاروں کے مطابق متعدد بار ایسے اہلکاروں کو ترقی دی گئی جو نہ صرف سینیارٹی میں پیچھے تھے بلکہ انہوں نے کبھی بی لسٹ یا سی ون کورس پاس بھی نہیں کیا۔ یہ اقدام محکمہ پولیس میں میرٹ کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

متاثرین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ حالیہ پالیسی کے تحت لوئر کورس کی کئی نشستیں وائرلیس اسٹاف کے لیے مخصوص کر دی گئی ہیں، حالانکہ اس شعبے سے تعلق رکھنے والے اہلکار نہ تو کورس میں شامل ہوئے، نہ ہی تربیت حاصل کی۔ اس کے باوجود انہیں ترجیح دینا ان اہلکاروں کے ساتھ ناانصافی ہے جنہوں نے باقاعدہ کورسز مکمل کر رکھے ہیں اور برسوں سے ترقی کے منتظر ہیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کا انسداد منشیات واک و سیمینار کا انعقاد، طلباء اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت

اہلکاروں نے مزید بتایا کہ نئی ایس او پیز کے باعث وہ اہلکار بھی ترقی پا گئے جو کئی سال بعد بھرتی ہوئے اور مخصوص شعبہ جات میں کام کرتے رہے۔ سی ٹو کوٹہ کے تحت بھی ترجیح ایسے اہلکاروں کو دی گئی جنہوں نے کبھی کسی امتحان میں حصہ ہی نہیں لیا۔

اس صورتحال نے محکمہ پولیس کے اندر موجود میرٹ اور انصاف کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ متاثرہ اہلکاروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقی کے نظام کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور سینیارٹی کے اصولوں کے مطابق ازسرِ نو مرتب کیا جائے تاکہ ان ہزاروں اہلکاروں کو ان کا جائز حق مل سکے جو برسوں سے امید کا دامن تھامے انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔

مزید خبریں