اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) — پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے آزاد جموں و کشمیر کے شہر میرپور میں نئے ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے تجارتی یا کمرشل فزیبلیٹی اسٹڈی کروانے کے سلسلے میں ایک ماہر کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اقدام خطے میں سفری سہولیات کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ ذرائع کے مطابق، کنسلٹنسی فرم میرپور میں ایئرپورٹ کے ممکنہ مقامات، تجارتی فوائد، مالی اخراجات، آمدنی کے امکانات اور ماحولیاتی اثرات پر تفصیلی تجزیہ فراہم کرے گی۔
ایئرپورٹ کی تعمیر سے نہ صرف مقامی آبادی کو سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ آزاد کشمیر میں سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔
حکام کے مطابق، فزیبلیٹی رپورٹ کی تکمیل کے بعد آئندہ مراحل کا تعین کیا جائے گا، جس میں منصوبے کا ڈیزائن، فنڈنگ اور تعمیرات شامل ہوں گے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی ہوابازی کی ترقی اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی ویمن کوالیفائرز:پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے اپنا پہلا میچ جیت لیا