منگل,  15 اپریل 2025ء
مظفرآباد: مرکزی ایوان صحافت کا اجلاس، جموں و کشمیر اخبار کے خلاف ایف آئی آر کی مذمت

مظفرآباد (روشن پاکستان نیوز) مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کے زیر اہتمام مختلف صحافتی تنظیموں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جموں و کشمیر اخبار کے خلاف درج ایف آئی آر کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت تین روز میں ایف آئی آر واپس نہیں لیتی تو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ اور عامر محبوب کو پریس کلب مظفرآباد میں مدعو کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

اجلاس میں صدر واحد اقبال بٹ، سیکرٹری جنرل ذوالفقار حسین بٹ، سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل طاہر احمد فاروقی، آزاد کشمیر ڈیجیٹل میڈیا کے صدر فدا حسین، ینگ جرنلسٹ فورم کے صدر سردار نعیم چغتائی، سابق سیکرٹری جنرل غلام رضا کاظمی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

تمام صحافیوں اور صحافتی اداروں پر مقدمات کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ایف آئی آر فوراً واپس لی جائے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر تین دن میں ایف آئی آر واپس نہیں لی گئی تو پورے آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جس میں مختلف مکاتب فکر کو بھی شامل کیا جائے گا۔

مرکزی ایوان صحافت نے آزادیِ اظہار پر کسی بھی قسم کی قدغن کی بھرپور مذمت کی۔

مزید پڑھیں: انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان (یو کے) کا ہنگامی اجلاس ، سینئرصحافی شہزا د انورملک پر درج ایف آئی آر کی مذمت

مزید خبریں