هفته,  12 اپریل 2025ء
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء تاج حیدر انتقال کر گئے

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر انتقال کر گئے ہیں۔

اہل خانہ کے مطابق تاج حیدر کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے ،نماز جنازہ کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تاج حیدر8 مارچ 1942 کو راجستھان بھارت میں پیدا ہوئے،انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول رنچھوڑ لائنز کراچی سے حاصل کی،

تاج حیدر نے 1979 سے سیاسی اور سماجی موضوعات پر ڈرامے لکھے، 1967 میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی،پہلی بار جولائی 1995،دوسری بار 2014 میں سنیٹر منتخب ہوئے،انہوں نے مختلف اخبارات میں کالم بھی لکھے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا،انہوں نے اپنے پیغام میں کہا دہائیوں پر محیط سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی، سماجی اور ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔

تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر تھے، وہ ایک تخلیقی ذہن کے مالک تھے،تاج حیدر کی جمہوریت کے لئے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لئے ایک مشعل راہ ہیں۔

تاج حیدر پاکستانی سیاست میں شعور اور دانش کی ایک شناخت تھے،تاج حیدر کے انتقال سے دلی دکھ اور صدمہ ہوا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے  بھی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا،انہوں نے  تاج حیدر کی پیپلز پارٹی اور جمہوریت کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم تاج حیدر پاکستان پیپلز پارٹی کا اہم اثاثہ تھے،مرحوم تاج حیدر پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں میں سے ایک تھے،وفات سے پیپلز پارٹی اہم سیاسی رہنما سے محروم ہوگئی۔

انہوں نے مرحوم تاج حیدر کے ورثاء کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ،مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا،انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما این اے سحر کامران کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی چھیالیسویں برسی پر پیغام

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ، انہوں نے کہا تاج حیدر کی وفات سے مجھ سمیت تمام کارکنان کو دلی صدمہ پہنچا،مرحوم کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے جسے مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا۔

تاج حیدر زیرک، مدبر اور سلجھے ہوئے سیاسی رہنما تھے،انہوں نے ہمیشہ جمہوریت اور عوامی خدمت کے لیے جدوجہد کی،تاج حیدر کی وفات پر انکی اولاد اور لواحقین و ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید خبریں