اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات کا ویزا حاصل کرنے میں درپیش مسائل حل ہو گئے، اب شہری 5 سال کا یو اے ای کا ویزا حاصل کر سکیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزبی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتی بھی موجود تھے۔
کامران ٹیسوری نے صوبے اور بالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کرنے پر متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزبی کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: دبئی میں کرکٹ اور ستاروں کا سنگم: گلوبل سیلیبریٹی لیگ (جی سی ایل) کی باقاعدہ لانچنگ
حماد عبید الزبی نے بتایا کہ ویزے کے مسائل حل ہو گئے ہیں اب پاکستانی 5 سال کا ویزا لے سکتے ہیں۔
اُنہوں نے گورنر سندھ کو کراچی میں قائم ویزا سینٹر آنے کی دعوت بھی دی۔حماد عبید الزبی نے کہا کہ گورنر اینیشیٹیو کے تحت جاری منصوبے لائقِ تحسین ہیں۔
اُنہوں نے گورنر ہاؤس میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا، پرچم کشائی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔