راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جو کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحت نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کا فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام ہے۔ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر نور آمنہ ملک افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔
چار ہفتوں کے منظم تربیتی پروگرام کا مقصد راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کو ضروری تدریسی، تعلیمی اور قائدانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ اس پروگرام میں نو ماڈیول پر مشتمل نصاب شامل ہے، جو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تدریسی معیار اور ادارے کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اور اساتذہ کی ذمہ داری پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم محض ایک پیشہ نہیں بلکہ سماجی ذمہ داری ہے اور یہ پروگرام پاکستان کی تعلیمی قیادت میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ماڈیولز کو سیکھ کر ان سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پروگرام ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے عملی تربیت پر مبنی فیکلٹی ٹریننگ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کو ٹریننگ کے لئے منتخب کرنے پر ناہی اور ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پروگرام ہماری فیکلٹی کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر انیلہ نے تدریسی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور تحقیق پر مبنی تعلیمی ماحول کو فروغ دینے میں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں ناہی کے پروگرام کوآرڈینیٹر طاہر عباس زیدی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر ذیشان احمد خٹک نے شرکت کی جنہوں نے افتتاحی تربیتی سیشن کی قیادت کی۔
آرگنائزر ڈاکٹر معتصم باللہ، ایڈیشنل ڈائریکٹراورک نے کہا کہ یہ پروگرام راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں تعلیمی قیادت کی ترقی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے مہمانوں کو شیلڈز پیش کی۔